وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں جنگلات کیلئے تیس سالہ منصوبے ٹمبر پالیسی اور سیاحت پالیسی کا جلد اعلان کرے گی۔

File photo

سکردو میں کارڈیالوجی سنٹر کے قیام کا فیصلہ
04 ستمبر 2016 (19:38)
0

امور کشمیر اور گلگت بلتستان کے وزیرچوہدری محمد برجیس طاہر نے کہا ہے کہ حکومت گلگت بلتستان کی ترقی کیلئے انقلابی اقدامات کررہی ہے۔

اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے برجیس طاہر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے علاقے میں ہسپتالوں اور یونیورسٹیوں جیسے ترقیاتی اور فلاح وبہبود کے منصوبوں کیلئے اربوں روپے مختص کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سکردو میں گلگت بلتستان یونیورسٹی میں کارڈیالوجی سنٹر قائم کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت گلگت بلتستان میں جنگلات کیلئے تیس سالہ منصوبے ٹمبر پالیسی اور سیاحت پالیسی کا جلد اعلان کرے گی۔
ضلع شیخو پورہ کی تحصیل صفدر آباد میں ایک سٹڈیم کے افتتاح کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کی موثر پالیسیوں ، آپریشن ضرب عضب اور سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت دہشتگردی پر بڑی حد تک قابو پالیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ فاٹا اور بلوچستان میں حکومت کی عملداری قائم کردی گئی ہے اور اب وہاں کھیلوں سمیت صحت مندانہ سرگرمیاں جاری ہیں۔