وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے عالمی بنک صوبائی حکومت کا اہم شراکت دار ہے ۔

File photo

حکومت نے تعلیم، صحت کے شعبوں میں بہتری کیلئے جامع اقدامات کیے ہیں:شہباز
04 ستمبر 2016 (12:07)
0

پنجاب کے وزیراعلی شہبازشریف نے کہا ہے کہ صوبائی حکومت نے تعلیم، صحت ، پینے کے صاف پانی اور ہنرمندی کے فروغ کے شعبوں میں بہتری کیلئے جامع اقدامات کیے ہیں ۔ وہ اتوار کے روز لاہور میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر PATHAMUTHU ILLANGOBAN کی سربراہی میں بنک کے وفد نے بھی شرکت کی۔
وزیراعلیٰ نے کہاکہ غربت کے خاتمے اور سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے اربوں روپے خرچ کیے جارہے ہیں ۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سماجی شعبوں میں بہتری کیلئے عالمی بنک صوبائی حکومت کا اہم شراکت دار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے 16 اضلاع میں چھٹی سے دسویں جماعت کی طالبات کیلئے ماہانہ وظائف کی رقم ایک ہزار روپے تک بڑھا دی گئی ہے ۔
شہبازشریف نے کہاکہ بچوں کی غذائی ضرورتوں کو پورا کرنے کیلئے غذائی پروگرام بھی انتہائی اہمیت کا حامل ہے انہوں نے اس پروگرام کی توسیع کے اقدامات جائزہ لینے اوراس سلسلے میں جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کی ۔
عالمی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے پنجاب حکومت کے اربوں روپے کے اصلاحاتی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت مختلف شعبوں میں بہتری کیلئے درست سمت میں گامزن ہے ۔ اجلاس میں صحت،غذائی پروگرام اوردوسرے سماجی شعبوں میں جاری منصوبوں پر پیش رفت کاجائزہ بھی لیاگیا ۔