یورپی یونین،پاکستان کا اسٹرٹیجک پلان رائج کرنے کیلئے کام کرنے پر اتفاق۔

یورپی یونین کی افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستانی کاوشوں کی تحسین
04 اکتوبر 2016 (20:22)
0

پاکستان اور یورپی یونین نے 2012ء کے پانچ سالہ پروگرام کی جگہ یورپی یونین پاکستان اسٹرٹیجک پلان رائج کرنے کیلئے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
اس سلسلے میں اتفا ق رائے منگل کے روز برسلز میں یورپی یونین پاکستان اسٹرٹیجک مذاکرات کے تیسرے دورے کے دوران ظاہر کیا گیا۔
پاکستانی وفد کی قیادت مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے جبکہ یورپی یونین کے وفد کی سربراہی امور خارجہ اور سیکورٹی کی پالیسی کے بارے میں یونین کی اعلیٰ نمائندہFederica Mogherini نے کی۔
فریقین نے غیر قانونی ہجرت سمیت پناہ گزینوں کے بحران کے بارے میں تعاون کو مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا اور پاک یورپی یونین ای یو پاکستان ری ایڈمیشن ایگریمنٹ پر عمل درآمد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تجارت، معیشت ، موسمیاتی تبدیلی اور توانائی سے متعلق معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
یورپی یونین کے وفد نے انسانی حقوق اور سیکورٹی کی صورتحال کی بہتری کیلئے حکومت پاکستان کی طرف سے کئے گئے اقدامات کی تعریف کی۔ علاقائی سلامتی کے بارے میں یورپی یونین نے افغانستان میں امن کے فروغ کیلئے پاکستان کی جاری کوششوں کی حوصلہ افزائی بھی کی۔