نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی ، انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قومی پالیسی وضع کرنا ناگزیر ہے۔

وزیر اعظم کا قومی لائحہ عمل پر پیشرفت کا جائزہ
04 اکتوبر 2016 (18:20)
0

وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت منگل کو اسلام آباد میں ایک اجلاس میں دہشتگردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس کے شرکاء نے سیکورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہا جن کے نتیجے میں ملک میں سلامتی کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے۔شرکاء نے مطلوبہ نتائج کے حصول کیلئے وفاقی وصوبائی حکومتوں اور تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان بھرپور تعاون پر زور دیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا کہ دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خاتمے کیلئے قومی پالیسی وضع کرنا ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم ہم سے معاشرے کو ان برائیوں سے پاک کرنے کی توقع رکھتی ہے اور ہم کسی بھی صورت اسے مایوس نہیں کریں گے۔اس سے پہلے قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں پیش رفت کے بارے میں بریفنگ دی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء ، صوبائی وزرائے اعلیٰ ، بری فوج کے سربراہ ، آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل اور دوسرے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔