ملیحہ لودھی نے کہا ہے کہ ہمیں محکوم لوگوں کو خودارادیت کے حق کی مکمل فراہمی یقینی بناتے ہوئے ان رکاوٹوں کو دور کرنا چاہئے۔

عالمی برادری غیرملکی تسلط کے تحت رہنے والے لوگوں کی مشکلات کونظرا ندازنہ کرے :پاکستان
04 اکتوبر 2016 (14:23)
0

پاکستان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کے 2030 کے ترقیاتی ایجنڈے پر عملدرآمد کے تناظر میں غیرملکی تسلط اور نوآبادیاتی نظام کے تحت رہنے والے لوگوں کی مشکلات اور ان کی ناگفتہ بے صورتحال کو نظرانداز نہ کرے جس کا مقصد غربت کا خاتمہ ، عدم مساوات کے خلاف جنگ اور موسمیاتی تبدیلیوں سے عہدہ براء ہونا ہے۔

یہ بات پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی کی سیکنڈ کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہی جو اقتصادی اور مالیاتی امور سے متعلق ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں محکوم لوگوں کو خودارادیت کے حق کی مکمل فراہمی یقینی بناتے ہوئے ان رکاوٹوں کو دور کرنا چاہئے جو نہ صرف ان کی سماجی واقتصادی ترقی میں حال ہیں بلکہ پائیدار ترقیاتی اہداف کے حصول کے حوالے سے ان کی صلاحیت کو بھی متاثر کر رہی ہیں۔
ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہا کہ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا چاہیے کہ نوآبادیاتی اور غیرملکی تسلط میں رہنے والے افراد کو بے یارومددگار نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ حق خودارادیت ایک بنیادی حق ہے جو اقوام متحدہ کے منشور میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2030 کے ایجنڈے اور موسمیاتی تبدیلیوں کے بارے میں پیرس معاہدے کی منظوری کثیرالملکی اور بین الاقوامی ترقیاتی تعاون کے عزم کا مظہر ہے۔