جنرل راحیل کاحرمین شریفین اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ ۔

پاکستان کی سالمیت کو لاحق کوئی بھی خطرہ باعث تشویش ہوگا:سعودی عرب
04 نومبر 2015 (19:33)
0

سعودی عرب نے کہا ہے کہ پاکستان کی سا لمیت کو درپیش کوئی بھی خطرہ اس کے لئے باعث تشویش ہوگا اور وہ پاکستان میں امن و سلامتی کیلئے تعاون جاری رکھے گا۔
یہ یقین دہانی بدھ کے روز ریاض میں سعودی شاہ سلمان بن عبد العزیز ' ولی عہد محمد بن نائف عبدالعزیز اوروزیر دفاع محمد بن سلمان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے الگ الگ ملاقاتوںمیں کرائی گئی۔
ملاقات کے دوران دوطرفہ دلچسپی اور دفاع اور سیکورٹی کے شعبے میں باہمی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی قیادت نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان قریبی برادرانہ تعلقات ' بھائی چارے اور اشتراک عمل کی عظیم تاریخ ہے۔
دونوں رہنمائوں نے کہا کہ علاقائی استحکام اور امت مسلمہ کیلئے پاکستان اور سعودی عرب کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔
سعودی قیادت نے آپریشن ضرب عضب میں پاکستان کی کامیابیوں کی تعریف کی۔
بری فو ج کے سربراہ نے حرمین شریفین اور سعودی عرب کی علاقائی سا لمیت کے تحفظ کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون کی بھی تعریف کی۔