ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا:حریت رہنما
04 نومبر 2015 (20:37)
0

مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی اور میر واعظ عمر فاروق نے کہا ہے کہ گرفتاریوں' ہراساں کرنے اور اس طرح کے دیگر ظالمانہ ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔

دونوںرہنمائوں نے اپنے الگ الگ بیانات میں عوام سے اپیل کی کہ وہ جمعے کو نومبر1947 ء کے جموں قتل عام کے خلاف مظاہروں اور ہفتے کے روز ملین مارچ میں بھرپور حصہ لیں۔
سید علی گیلانی نے ہفتے کو بھارتی وزیراعظم کے مجوزہ عوامی اجتماع سے خطاب کو فوجی آپریشن قرار دیا۔
بھارتی حکام نے اپنی پکڑ دھکڑ کی کارروائیوں کے دوران کُل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ عمر فاروق کو گھرمیں نظربند کر دیا۔
ادھرانتظامیہ نے جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کو سرینگر کے کوٹھی با غ پولیس سٹیشن میں قید تنہائی میں رکھا ہوا ہے۔
دریں اثناء بھارتی پولیس نے مقبوضہ علاقے میں ایک ہفتے کے دوران500 سے زائد حریت رہنمائوں اور کارکنوں کو نظربند کر دیاہے۔