طارق فضل چودھری نے کہا کہ چیئرمین تحریک انصاف کو واویلا کرنے کی بجائے پارٹی کیلئے غیر ملکی فنڈنگ بارے سپریم کورٹ کو جواب دینا چاہیے۔

آف شور کمپنیاں،بیرونی فنڈنگ: عمران احتساب سے راہ فرار اختیار کر رہے ہیں،رہنما(ن) لیگ
04 مئی 2017 (20:40)
0

پاکستان مسلم لیگ نون کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان آف شور کمپنیوں کی ملکیت اور اپنی پارٹی کیلئے بیرون ملک سے فنڈز وصول کرنے پر اپنے احتساب سے راہ فرار اختیارکررہے ہیں۔

دارالحکومت کے انتظامی اور ترقیاتی ڈویژن کے وزیر مملکت طارق فضل چوہدری نے جمعرات کی شام اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کو اب واویلا کرنے کی بجائے پارٹی کیلئے غیر ملکی فنڈنگ کے الزامات سے متعلق سپریم کورٹ کو جواب دینا چاہیے۔
مسلم لیگ نون کے رہنما ء دانیال عزیز نے کہا کہ امریکہ سمیت مختلف ملکوں میں آف شور کمپنیاں قائم کی گئیں اور تحریک انصاف کی قیادت نے پاکستان دشمنوں کے حمایتوں سے فنڈز کی وصولی کا اعتراف کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کیلی فورنیاسے اسلام آباد فنڈز منتقل کیے گئے جسے عدالت میں ثابت کیا جائے گا۔
دانیال عزیز نے کہا کہ عمران خان نے اپنی آف شور کمپنی نیازی سروسز لمیٹڈ کو چھپا کر الیکشن کمیشن میں غلط بیان کی۔
اطلاعات کے پارلیمانی سیکرٹری محسن شاہ نواز رانجھا نے کہا کہ عمران خان کو بیرون ملک سے فنڈنگ کے الزامات کاجواب دینا چاہیے اور سپریم کورٹ میں منی ٹریل ثابت کرنی چاہیے۔