دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ بھارت اقوام متحدہ کے سامنے اپنے الزامات کو پیش کرنے کا حق کھوچکا ہے ۔

بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا:پاکستان
04 مئی 2017 (12:15)
0

پاکستان نے بھارت کی جانب سے انتہائی اشتعال انگیز بیانات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان سے خطے کی صورتحال مزید خراب ہو گی۔یہ بات دفتر خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا نے کنٹرول لائن سے متعلق بھارتی وزیردفاع کے بیان پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہی۔
آج ریڈیو پاکستان کے ساتھ ایک انٹرویو میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے واضح کیا ہے کہ بھارتی فوجیوں کی لاشوں کی بے حرمتی کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اقوام متحدہ کے سامنے اپنے الزامات کو پیش کرنے کا حق کھوچکا ہے کیونکہ اس نے کبھی عالمی ادارے کی قراردادوں پر عمل نہیں کیا اور نہ ہی اس مقصد کے لئے قائم اقوام متحدہ کے فوجی مبصر گروپ کے ساتھ تعاون کیا ہے۔
نفیس ذکریا نے کہا کہ بھارت نے اپنے اندرونی سیاسی مقاصد کے حصول اور مقبوضہ کشمیر میں اپنی بربربیت سے توجہ ہٹانے کے لئے ہمیشہ پاکستان کارڈز کا استعمال کیا۔
ترجمان نے کہا کہ عالمی برادری اور بھارتی خود اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں ریاسی دہشت گردی کر رہا ہے۔