وزیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی تھنک ٹینکس اور ریسرچ گروپوں نے پاکستان کی شاندار اقتصادی ترقی کی تعریف کی ہے۔

دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کی بدولت شرح نمو مستحکم ہورہی ہے:ڈار
04 مئی 2015 (20:29)
0

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت کی دانشمندانہ اقتصادی پالیسیوں کی بدولت اقتصادی شرح نمو مستحکم ہو رہی ہے۔افراط زر میں کمی ہوئی ہے اور فوری بحران کا خطرہ کم ہوا ہے۔
پیر کے روز باکو میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر سترہ ارب سڑسٹھ کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی اسٹاک ایکسچینج انڈکس میں مئی 2013 کے بعد سے انہتر فیصد اضافہ ہوا ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ بین الاقوامی تھنک ٹینکس اور ریسرچ گروپوں نے پاکستان کی شاندار اقتصادی ترقی کی تعریف کی ہے۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ علاقائی رابطے کے بنیادی نظام کی حمایت کی ہے جس سے علاقائی تعاون اور اقتصادی شرح نمو میں اضافے کی راہ ہموار ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ علاقائی روابط کا فروغ جنوبی ایشیاء ، چین اور وسطی ایشیاء کو یکجا کرنے کے لئے ہماری ترقیاتی حکمت عملی کا اہم ستون ہے۔
اسحق ڈار نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری سڑک ، ریل اور فائبر اوپٹک رابطوں کے ذریعے پاکستان کو چین کے مغربی حصے سے منسلک کرے گی۔