file photo

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت اور تحریک آزادی کے خلاف ایک مکروہ مہم شروع
04 جون 2017 (07:14)
0

بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں حریت قیادت اور تحریک آزادی کے خلاف ایک مکروہ مہم شروع کی ہے۔یہ مہم حریت قیادت اور کشمیری عوام کے درمیان مثالی اتحادپربھارت کی بوکھلاہٹ کا نتیجہ ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت کی نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی نے مزاحمتی رہنمائوں کو جھوٹے مقدمات میں ملوث کرنے کیلئے انکے خلاف ایک بڑی کارروائی شروع کر رکھی ہے جس کامقصد تحریک آزادی کیلئے ان کے عزم کو متزلزل کرناہے۔
ادھر ضلع اسلام آباد کے علاقے قاضی گنڈ کے قریب سرینگر جموںشاہراہ پر بھارتی فوج کے قافلے پر ایک حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک اور چار زخمی ہو گئے۔
دوسری طرف بھارتی پولیس کے مظالم کے خلاف اسلام آباد قصبے میں مکمل ہڑتال کی گئی اور بھارت مخالف مظاہرے کیے گئے۔
کئی نوجوان آزادی کے حق میں اور بھارت مخالف نعرے لگاتے ہوئے قصبے میں جمع ہوگئے اوراُن کی پولیس سے جھڑپ ہوئی۔
کٹھ پتلی انتظامیہ نے بھارتی فوج کے ہاتھوں حز ب المجاہدین کے کمانڈرسبزار احمد بٹ اور دیگرنوجوانوں کی شہادت پر طلباء کے احتجاجی مظاہروںکے خوف سے آج بھی سرینگر اور اسلام آباد کے اضلاع میں کالج اور سکول بند رکھے۔