وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے عملے کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔

 دہشت گردی کیخلاف قومی سلامتی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں:پرویزرشید
04 جون 2014 (20:21)
0

وزیراطلاعات ونشریات سینیٹر پرویزرشید نے کہا ہے کہ حکومت \\\'دہشتگردی کے خلاف ہے اور قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔بدھ کی سہ پہر اسلام آباد میں صحافیوں سے باتیں کرتے ہوئے اُنہوں نے فوج کے افسران اور جوانوں کو شاندار خراج عقیدت پیش کیاجنہوں نے آج دہشتگردی کے دو حملوں میں جام شہادت نوش کیا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے عملے کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی ۔


اُنہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی مخالفت اور قومی سلامتی کے اداروں کا ساتھ دینا قوم کا متفقہ فیصلہ ہے ۔ایک سوال پر اُنہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے ادارے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے متعین حکمت عملی کے مطابق دہشتگردی کے خاتمے کیلئے کامیابی سے کام کررہے ہیں ۔


ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین کو قومی شناختی کارڈ اور پاکستانی پاسپورٹ کے اجراء میں حکومت کی طرف سے بالارادہ تاخیر سے متعلق معاملے میں حزب اختلاف کے بعض رہنمائوں کے الزامات کے بارے میں ایک اور سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ یہ غیر ذمہ دارانہ بیان ہے ۔

 

دریں اثناء اسلام آباد میں میلینیم ترقیاتی اہداف کے بارے میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراطلاعات سینیٹر پرویز رشید نے کہا کہ لوگوں کے حکمرانی کے حق کو تسلیم کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا جمہوری نظام میں تمام فریق ووٹوں کی گنتی کے نتائج قبول کرتے ہیں،انہوں نے کہا ووٹ احتساب کا بہترین طریقہ ہے جبکہ لوگ حکومتوں کی کارکردگی کے بہترین جج ہیں۔

 

وفاقی وزیر نے کہا ارکان پارلیمنٹ کو حدود سے تجاوز نہیں کرناچاہیے انہیں صرف اپنے حلقے کے مسائل حل کرنے چاہئیں اور ملک کی مستقبل کی غیر ملکی اوراقتصادی پالیسیوں کیلئے لائحہ عمل تیار کرنے کیلئے اپنی سوچ کو وسیع کرنا چاہیے۔