سرکاری ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور الطاف حسین کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔

04 جون 2014 (20:55)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین پاکستانی شہری ہیں اور حکومت اُنہیں تمام ممکن قانونی مدد فراہم کرے گی۔سرکاری ترجمان کے مطابق وزیراعظم اور وزیر داخلہ نے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور الطاف حسین کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔


وزیراعظم نے ایم کیو ایم کے قائد کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی اور گورنر سے کہا کہ وہ انہیں الطاف حسین کے کیس میں پیشرفت کے بارے میں آگاہ کرتے رہیں ۔وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ وفاقی حکومت اس کیس کے حوالے سے گورنر سندھ کے ساتھ رابطے میں رہے گی ۔


لندن میں پاکستانی ہائی کمشنر نے برطانوی حکومت سے کہا ہے کہ وہ ایم کیو ایم کے سربراہ تک رسائی فراہم کرے۔دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کے ہائی کمیشن نے اس سلسلے میں وزیراعظم نواز شریف کی ہدایت کے تناظر میں برطانوی حکام سے رابطہ کیا ہے ۔


اُدھرکراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کا اپنے قائد الطاف حسین کی گرفتاری کے خلاف دھرنا جاری ہے۔اس موقع پرایم کیو ایم کے رہنماء ڈاکٹر فاروق ستار نے حکومت سے کہا کہ وہ الطاف حسین کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے برطانوی حکومت سے رابطہ کرے۔