کرنل محمد ظاہر اور کرنل ارشد حسین شہید کی نماز جنازہ بدھ کی سہ پہر چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی

ترنول:سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملہ،5اہلکار شہید
04 جون 2014 (20:50)
0

کرنل محمد ظاہر اور کرنل ارشد حسین شہید کی نماز جنازہ بدھ کی سہ پہر چکلالہ گیریژن میں ادا کی گئی ۔ وہ ترنول کے قریب ایک خود کش حملے میں شہید ہوگئے تھے ۔
وزیراعظم محمد نواز شریف ، وزیر دفاع خواجہ محمد آصف ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کے چیئرمین جنرل راشد محمود تینوں مسلح افواج کے فوجی اہلکاروں اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے شہداء کی نماز جنازہ میں شرکت کی ۔
بعدمیں کرنل محمد ظاہر اور کرنل ارشد حسین کے جسد خاکی اُن کے آبائی گائوں بھیج دیئے گئے جہاں اُنہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیاجائے گا۔
پنجاب کے وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اسلام آباد کے قریب سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے کی مذمت کی ہے ۔
اُنہوں نے واقعے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کی ہے ۔
وزیراعلیٰ نے دو لیفٹننٹ کرنلز اور دوسروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اور سوگوار خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی ۔
اسلام آباد میں ترنول کے قریب سیکورٹی فورسز کی گاڑی پر حملے میں پانچ سیکورٹی اہلکار شہید ہو گئے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق حساس ادارے کی گاڑی پر صبح نو بج کر بیس منٹ پر حملہ کیا گیا۔
شہید ہونے والوں میں لیفٹینٹ کرنل ظہیر شاہ ، اور لیفٹیننٹ کرنل ارشاد شامل ہیں۔
صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف نے حملے کی سخت مذمت کی ہے اور اسے ایک بزدلانہ کارروائی قرار دیا ہے۔
وزیراعظم نے قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
وزیراعظم نے ایک بیان میں ان کارروائیوں کو بزدلانہ اور شرمناک قراردیا ۔ اُنہوں نے سوگوار خاندانوں سے دلی اظہار ہمدردی کیا۔
اُنہوں نے کہا ہماری مسلح افواج ہر قسم کے حالات میں ملک کی خاطر عظیم قربانیاں دے رہی ہیں اور قوم ان کی قربانیوں کی قدردان ہے ۔