04 جولائی 2017 (19:46)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہا ہے کہ کھیلوں کے میدان میں پاکستان کے پاس بے پناہ ٹیلنٹ ہے اور ہمارا مستقبل روشن ہے۔
وہ بھارت کے خلاف اوول میں چیمپئنزٹرافی جیتنے والی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں منگل کی شام اسلام آباد میں ایک استقبالیے کی میزبانی کررہے ہیں۔
انہوں نے دنیا کی تمام ٹیموں پر زور دیا کہ وہ کھیلوں کی حوصلہ افزائی کیلئے پاکستان آئیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ کھلاڑی پاکستان کے حقیقی ہیروز اور نمائندے ہیں ۔ انہوں نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کی جیت سے قوم کو قابل فخر بنانے پر پاکستان کرکٹ ٹیم کی تعریف کی۔
انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت میں بہتری لائی گئی ہے اور ملک بھر میں سڑکوں ، شاہراہوں کا جال تعمیر کیا جارہا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں اور قوم کے عزم کے ساتھ دہشتگردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سپر لیگ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے پاکستان کرکٹ کی بحالی کیلئے وزیراعظم کی غیر متزلزل حمایت پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ایک بلند حوصلہ مند قوم ہے جس نے دہشتگردی کو شکست دی اور کھیل اس صلاحیت کا مظاہرہ کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے اعلان کیا کہ سرفراز احمد پاکستان کی ٹیسٹ ٹیم کی بھی قیادت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں فتح نے پوری قوم کو متحد کردیا ہے۔
آخر میں وزیراعظم نے فاتح ٹیم کے ارکان میں ایواڈز تقسیم کئے۔