نوازشریف نے کہا کہ توانائی منصوبوں کی تکمیل سے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔

پاکستان،چین پورے خطے کی خوشحالی کیلئے کام کر رہے ہیں،وزیر اعظم
04 جولائی 2017 (18:29)
0

وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کیلئے پرعزم ہے۔
منگل کے روز اسلام آباد میں نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چائنہ کے چیئرمین نوربیکری سے باتیں کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دونوں ملک مشترکہ اقتصادی وترقیاتی کوششوں کے ذریعے علاقے کے عوام کی خوشحالی کیلئے کام کررہے ہیں۔
نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن کے تعاون کا اعتراف کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ توانائی کے منصوبوں کی تیزی سے تکمیل سے حکومت کو توانائی کے بحران پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے چین کی کمپنیوں کو ترسیلی لائنیں بچھانے اور کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کے قیام کے ذریعے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان رابطوں کے فروغ کے ذریعے چین کے علاقائی اور عالمی اقتصادی انضمام کے ویژن سے متفق ہے اور یہی وجہ ہے کہ پاکستان ایک خطہ ایک سڑک منصوبے کے اولین شراکت داروں میں شامل ہے۔
نواز شریف نے ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کی تعریف کی۔
موجودہ حکومت کے ترقیاتی ویژن کو سراہتے ہوئے ایڈمنسٹریشن چائنہ کے چیئرمین نے کہا کہ وہ پاکستان میں جاری توانائی کے منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کیلئے پرعزم ہیں۔