نوازشریف نے کہاہے کہ پاکستان، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔

وزیراعظم کی چینی کمپنیوں کو کوئلے سے چلنے والے بجلی گھروں کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت
04 جولائی 2017 (15:59)
0

وزیراعظم نواز شریف نے چین کی کمپنیوں کو ترسیلی لائنیں بچھانے اور کوئلے سے چلنے والے منصوبوں کے قیام کے ذریعے پاکستان کے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری بڑھانے کی دعوت دی ہے۔انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چائنہ کے چیئرمین کی سربراہی میں ملنے والے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان، چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت تمام منصوبوں پر بروقت اور موثر عملدرآمد کے لئے پرعزم ہے۔نواز شریف نے کہا کہ ساہیوال میں کوئلے سے چلنے والے بجلی گھر کی ریکارڈ مدت میں تکمیل سے حکومت کو ملک میں بجلی کی قلت پر قابو پانے میں بڑی حد تک مدد ملے گی
وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئےنور بیکری نے کہا کہ نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چائنہ پاکستان میں توانائی کے منصوبوں پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کر رہی ہے۔
حکومت پاکستان کے ترقیاتی ویژن کو سراہتے ہوئے چیئرمین نے کہا کہ نیشنل انرجی ایڈمنسٹریشن چائنہ پاکستان میں جاری توانائی کے منصوبوں کو مقررہ وقت میں مکمل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

چین کے وفد نے پانی وبجلی کے وزیر خواجہ محمد آصف سے بھی ملاقات کی ۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نارتھ انڈس آبشار کے منصوبے کے قابل عمل ہونے کی پن بجلی کے مقامی وسائل کو بروئے کار لانے کی طرف ایک اہم قدم ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑی کامیابی ہے جس سے نہ صرف ملک کی بجلی کی ضرورتیں پوری ہوں گی بلکہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے حوالے سے بھی یہ اہم ہے۔
نور بیکری نے دونوں ملکوں کو بہترین ہمسائے ، بہترین دوست اور بہترین بھائی قرار دیا۔انہوں نے دیامر بھاشا ڈیم کے بارے میں اجلاس کو کامیاب قرار دیا۔