نوازشریف نے کہاکہ پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاری کیلئے شاہراہوں کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔

موثر اقتصادی پالیسی سے غیرملکی سرمایہ کاری آئی : وزیراعظم
04 جنوری 2017 (20:33)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری میںگہری دلچسپی ظاہر کررہے ہیں جو مسلم لیگ ن کی کامیاب اقتصادی پالیسیوں کا مظہر ہے۔

انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میںانہیں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں مشترکہ تعاو ن کمیٹی کے حال ہی میں بیجنگ میں ہونیوالے چھٹے اجلاس میں پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے ڈیڑھ ارب ڈالر مالیت کے لاہور مٹیاری ترسیلی لائن منصوبے کی چین پاکستان اقتصادی راہداری میں شمولیت پر وزارت پانی وبجلی کو مبارکباد دی۔
وزیراعظم نے چاروں صوبوں میںماس ٹرانزٹ منصوبے اقتصادی راہداری میں شامل کرنے پر بھی پاکستانی ٹیم کومبارکبا د دیتے ہوئے وزیر ریلوے کو ہدایت کی کہ وہ منصوبے پر عملدرآمد کیلئے متعلقہ صوبے کی وزارت کی طرف سے فنی معاونت فراہم کریں۔
نوازشریف نے کہاکہ پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں سرمایہ کاری کیلئے شاہراہوں کے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔
وزیراعظم نے صنعتی پارکس کے قیام سے متعلق وفاقی حکام کو مجوزہ علاقوں میں بجلی ، گیس اور مواصلات کی سہولت کی فراہمی کا عمل شروع کرنے کو کہا۔
وزیراعظم نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری میں صوبوں کی نمائندگی سے تمام صوبوں میں ترقی یقینی بنائی جا سکے گی۔