حکومت اقتصادی ترقی کیلئے پرعزم ہے:تنویر
04 جنوری 2017 (14:25)
0

سائنس وٹیکنالوجی کے وزیر رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت اقتصادی ترقی کیلئے پرعزم ہے اور وہ اس مقصد کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے۔ وہ بدھ کے روز اسلام آباد میں یونیورسٹی صنعت اشتراک کے موضوع پر ایک ورکشاپ سے خطاب کررہے تھے۔
وفاقی وزیر نے کہاکہ مستقبل کی نسل کیلئے اقتصادی خوشحالی یقینی بنانے اور 2025 کے ویژن کوعملی جامہ پہنانے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ علم پر مبنی معیشت کیلئے ماہرین تعلیم اور صنعت کے درمیان اشتراک عمل ناگزیر ہے۔
رانا تنویر حسین نے کہاکہ حکومت تحقیق اور ترقی پر توجہ دے رہی ہے اور موجود ہ مالی سال کے دوران اس مقصد کیلئے مختص بجٹ میں چار گنا اضافہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ورکشاپ کی سفارشات اورتجاویز کووزیراعظم کی زیر صدارت سائنس اور ٹیکنالوجی کے بارے میں کمیشن کے ہونیوالے اجلاس کے ایجنڈے میںشامل کیا جائے گا۔
تقریباً ایک سو ممتاز سائنسدانوں، صنعتکار، ماہرین تعلیم اور مختلف تنظیموں کے نمائندے ورکشاپ میں شریک ہیں ایک روزہ ورکشاپ کااہتمام پاکستان کونسل برائے سائنس و ٹیکنالوجی نے برطانیہ کی مانچسٹر یونیورسٹی کے تعاون سے کیا ہے۔