File Photo

بین الاقوامی برادری بھارت کو کشمیریوں کے قتل عام سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کرے:سرتاج
04 فروری 2017 (19:37)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بین الاقوامی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ بھارت کو کشمیریوں کے قتل عام سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کرے۔

انہوں نے ہفتہ کے روز ایک بیان میں کہا کہ عالمی برادری کو کشمیریوں کی خواہشات اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کرانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
سرتاج عزیز نے کہا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کررہے ہیں جس کا ان سے 1948ء سے 1954 کے دوران اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی پانچ مختلف قراردادوں میں وعدہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آٹھ جولائی 2016ء کو کشمیریوں کی تاریخی جدوجہد نے ایک نیا موڑ لیا۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ معروف بھارتی رہنما اور بھارت کے ذرائع ابلاغ کا ایک حصہ بھی مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کے خلاف اپنی آواز بلند کررہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پوری دنیا اب یہ تسلیم کررہی ہے کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی ان کی اپنی تحریک ہے جس کی قیادت نوجوان کررہے ہیں اور یہ بھارتی حکومت کی مقبوضہ علاقے کے آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کی گمراہ کن کوششوں سے مزید مضبوط ہوئی ہے۔