وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا۔

کسی کو بھی ملک بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی:رشید
04 دسمبر 2014 (15:47)
0

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع ، علاقائی سا لمیت ، خودمختاری اور وقار کا تحفظ کرنے کے لئے پرعزم ہے۔ آج (جمعرات) کراچی میں دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت مادروطن کی علاقائی سا لمیت کے دفاع کو اپنا مقدس فریضہ سمجھتی ہے۔


وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتا تاہم وہ اپنے اردگرد کے حالات سے لاتعلق بھی نہیں رہ سکتا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سیکورٹی فورسز کو تمام دستیاب وسائل فراہم کر کے مضبوط بنانے کے لئے پرعزم ہے۔


پرویزرشید نے کہا کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے داخلی معاملات میں عدم مداخلت کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی اور غیرملکی شرکاء نے دفاعی نمائش آئیڈیاز 2014 کو سراہا ہے۔

  بعدازاں وزیراطلاعات نے صحافیوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ کسی کو بھی ملک بند کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے کہاکہ تاجروں کو اپنا کاروبار کرنے اور طلباء کو اسکول جانے کا حق ہے نہ تو ان کے یہ حقوق سلب کئے جاسکتے ہیں اورنہ کسی کو ایسا کرنے کی اجازت دی جاسکتی ہے۔


وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت درست سمت میں آگے بڑھ رہی ہے اور اسٹاک ایکس چینج میں تیزی ، روپے کی قدر میں استحکام اور بجلی کے بحران میں کمی کے ساتھ ہمارے اقتصادی اشاریوں میں مثبت پیش رفت ہورہی ہے۔


انہوں نے کہاکہ عالمی سطح پر پاکستان کی معیشت کے بارے میں غلط پیش گوئیاں کی گئیں تاہم حکومت نے اپنی دانشمندی کے ذریعے انھیں غلط ثابت کردیا ۔ پرویزرشید نے حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات کے بارے میں کہا کہ اگرعمران خان مذاکرات کرناچاہتے ہیں تو انھیں اپنا طرزعمل تبدیل کرناچاہیے۔