National Assembly of Pakistan

غیر ت کے نام پر قتل کے حوالے سے قوانین میں ترمیم پر کام جار ی ہے
04 اگست 2016 (21:18)
0

جمعرات کے روز قومی اسمبلی کو بتایا گیا کہ غیر ت کے نام پر قتل کے حوالے سے قوانین میں ترمیم پر کام جار ی ہے اور اس سلسلے میں آئندہ اجلاس کے دوران ایوان میں نیا ترمیمی بل لایا جائے گا۔ انسانی حقوق کے وزیر کامران مائیکل نے وقفہ سوالات کے دوران ایوان کو بتایا کہ غیرت کے نام پر قتل کے موجودہ قانون کا جائزہ اور تبدیلی حکومت کی ترجیح ہے۔  انہوں نے کہا کہ ملک کے مختلف علاقوں میں خواتین کے خلاف تشدد کے حالیہ واقعات کا معاملہ قانون کے مطابق ضروری کاروائی کے لئے متفقہ حلقوں کے ساتھ اُٹھایا گیا ہے۔

پارلیمانی امور کے وزیر شیخ آفتاب احمد نے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ٹریفک کے بہائو، مسافروں کے تحفظ اور انہیں سہولتوں کی فراہمی کیلئے چوبیس گھنٹے کام کر رہی ہے۔
پیٹرولیم اور قدرتی وسائل کے وزیر شاہد خاقان عباسی نے ایک سوال کے جواب میں ایوان کو بتایا کہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت رواں مالی سال کے دوران گیس کی فراہمی کیلئے بلوچستان میں چودہ مقامات کی نشاندہی کی گئی ہے۔  انہوں نے کہا کہ ان منصوبوں کیلئے 54کروڑ70لاکھ روپے مختص کئے گئے ہیں جنہیں آئندہ سال جون میں مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی دانشمندانہ پالیسیوں کی وجہ سے اب صنعتی شعبے کو مکمل طور پر گیس فراہم کی جارہی ہے اور CNGکے شعبے کی صورتحال بھی بہتر ہورہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قطر سے ایل این جی کی درآمد سے صورتحال مزید بہتر ہوگی۔

محمد جمال الدین اور دیگر ارکان کی طرف سے فاٹا کی مختلف ترقیاتی سکیموں کو حکومت کی نئی پالیسی کے تحت نکالنے کے بارے میں توجہ دلائو نوٹس کا جواب دیتے ہوئے ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر عبد القادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ اس پالیسی کا مقصد دستیاب وسائل کو زیادہ سے زیادہ بروئے کار لانا ہے۔  انہوں نے کہا کہ علاقے میں دیگر ترقیاتی پروگراموں کے لیے دستیاب وسائل کو بروئے کار لایا جائے گا۔

قومی اسمبلی نے جمعرات کے روز مالیاتی اداروں کی محصولات کی وصولی ترمیمی بل مجریہ2016ء کی منظوری دی ۔ اس بل کے ذریعے مالیاتی اداروں کے آرڈنیس مجریہ2001ء میں ترمیم کی جائیگی۔ یہ بل خزانہ کے پارلیمانی سیکرٹری رانا محمد افضل خان نے پیش کیا۔

ایوان کا اجلاس اب جمعہ کی صبح ساڑھے دس بجے ہوگا۔