File photo

یومِ شہدائے پولیس
04 اگست 2016 (20:38)
0

جمعرات کے روز یومِ شہدائے پولیس منایا گیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارا واضح قومی عزم ہے۔ 

جس کی وجہ سے ہم اپنی سر زمین سے اس بُرائی کا خاتمہ کرنے کے قابل ہوئے ہیں۔ اُنہوں نے شہید پولیس اہلکاروں کے جرات مندانہ کردار کو شاندار خراج ِ عقیدت پیش کیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے قانون نافذ کرنے والے بہادر اداروں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی قربانیاں دی ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ بلاشبہ فورسز کی ناقابلِ فراموش قربانیوں نے ہماری آنے والی نسلوں کے لیے ایک پرُ امن پاکستان یقینی بنا دیا ہے۔

یوم شہدائے پولیس کے موقع پر شہداء کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے آج پولیس کالج سہالہ میں ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ ڈی آئی جی سہیل حبیب تاجک نے کہا کہ پولیس کے شہداء کی قربانیاں ملک کے تمام افراد کے لئے مشعل راہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم کو پولیس کے اہلکاروں اور ان کی برادری پر فخر ہے انہوں نے کہا کہ پاک فوج ' پولیس اور رینجرز نے ملک میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے دوران امن کے قیام کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کیے ہیں۔

مظفر آباد میں اس حوالے سے پولیس لائن میں ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں پولیس کے شہداء کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی گئی۔

جمعرات کوپشاور میں یوم شہداء کے سلسلے میں ایک تقریب ختم ہوئی۔ شہید پولیس اہلکاروں کے لئے اجتماعی دعا کی گئی۔ شہداء کی قبروں پر پھولوں کی چادریں بھی چڑھائی گئیں۔

ایبٹ آباد پولیس لائنز میں بھی آج یوم شہداء کے سلسلے میں ایک تقریب ہوئی۔