وزیر داخلہ نے کہا ہے کہ گزشتہ کانفرنس کے بعد سے سارک نے امن ، استحکام ، منظم جرائم اور انسانی سمگلنگ کے مسائل سے عہدہ بر اہونے میں اہم پیش رفت کی ہے ۔

سارک ممالک خطے کودرپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں:چوہدری نثار
04 اگست 2016 (13:23)
0

وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے سارک وزرائے داخلہ کانفرنس میں اپنے خطبہ استقبالیہ میں علاقائی ملکوں پر زور دیاکہ وہ اچھے نظم ونسق کے فروغ اور خطے کودرپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوششیں کریں ۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ کانفرنس کے بعد سے سارک نے امن ، استحکام ، منظم جرائم اور انسانی سمگلنگ کے مسائل سے عہدہ بر اہونے میں اہم پیش رفت کی ہے ۔انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیاکہ علاقائی تنظیم خطے میں امن و استحکام کے ہدف کے حصول کے لئے اسی جذبے کے ساتھ پیش رفت جاری رکھے گی ۔
چوہدری نثار نے کہاکہ جنوب ایشیائی خطے کوعسکریت پسندی ، دہشتگردی ، سماجی ناانصافی ، بدعنوانی اور منظم جرائم جیسے بے پناہ مسائل اور خطرات درپیش ہیں اور مسائل سماجی و اقتصادی ترقی کی راہ میں حائل ہیں ۔
چوہدری نثار نے کہاکہ جنوب ایشیائی خطے کی سرحدی صورتحال ایک جیسی ہے اور انہیںایسی فضاقائم کرنے کی ضرورت ہے جو تشدد سے پاک ہو۔وزیر داخلہ نے کہاکہ پاکستان سارک عمل کے لئے پرعزم ہے اور اسے ایک کامیاب علاقائی تنظیم دیکھنا چاہتاہے۔