صوبے کے مختلف حصوں میں سیلابی پانی کی وجہ سے کافی تعداد میں گھروں کو بھی نقصان پہنچا ا ور کئی پل بہہ گئے۔

بارشوں سےمتعلقہ حادثات میں 57 افرادجاں بحق ، 27 زخمی
04 اپریل 2016 (09:45)
0

بارشوں سے متعلقہ حادثات میں 57 افراد جاں بحق اور 27 زخمی ہوگئے ہیں۔خیبر پختونخوا کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے کے مطابق شانگلہ میں دس جبکہ سوات میں چار ، کوہستان میں بارہ، بنوں ، بٹ گرام اور مردان میں دو دو اور مالاکنڈ ، دیر بالا، مانسہرہ چترال اور چارسدہ میں ایک ایک شخص جاں بحق ہوا۔صوبے کے مختلف حصوں میں سیلابی پانی کی وجہ سے کافی تعداد میں گھروں کو بھی نقصان پہنچا ا ور کئی پل بہہ گئے۔موسلا دھار بارش سے پھلوں کے باغات اور دیگر کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا۔وزیراعلیٰ پرویزخٹک نے ہدایت کی ہے کہ بارش سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں۔

آزاد کشمیر میں وادی نیلم سے بھی تودے گرنے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔شاردا میں ایک ہی خاندان کے آٹھ افراد گھر پر مٹی کے تودے گرنے سے جاں بحق ہوگئے۔چلاس کے علاقے جیچن میں گھر کی چھت گرنے سے چار افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔

صدرممنون حسین نے طوفانی بارشوں اور مٹی کے تودے گرنے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایک بیان میں انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی کا اظہار کیا ۔انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ حکام کی ذمہ داری ہے کہ بارشوں سے متاثرہ افراد کیلئے زیادہ سے زیادہ مدد فراہم کی جائے۔


سپیکر قومی اسمبلی سردار ایازصادق،ڈپٹی سپیکرمرتضیٰ جاویدعباسی اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نےبھی بارشوں اورسیلاب کے باعث قیمتی جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے مخیر حضرات اور رضاکاروں سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ لوگوں کی زیادہ سے زیادہ مدد کریں۔