Tuesday, 10 December 2019, 03:08:58 pm
بھارت نے عملی طور پر جنگ شروع کر دی ہے،صدر آزاد کشمیر
September 04, 2019

آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردارمسعود خان نے کہا ہے کہ بھارت نے عملی طورپر جنگ شروع کردی ہے جس کے پورے خطے پرانتہائی خطرناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں ۔بدھ کے روز اسلام آباد میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بھارت کے تازہ مظالم کے نتیجے میں مقبوضہ کشمیر سے شہری آبادی اور پناہ گزینوں کی بڑی تعداد میں پاکستان اور آزادکشمیر آمد کے امکان کو مسترد نہیں کیاجاسکتا ۔انہوں نے کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیار رہنے کی ضرورت پر زوردیا ۔سردارمسعود خان نے کہاکہ بھارتی حکمران ایک منظم منصوبے پرعمل پیرا ہیں جس کے تحت انہوں نے بھارت کے مسلمان شہریوں ' پاکستان اورکشمیری عوام کو اپنا دشمن قراردیا ہے اور ان کے خلاف کارروائیاں شروع کردی ہیں۔انہوں نے کہاکہ بھارت بڑی معاشی اور فوجی طاقت بننا چاہتا ہے لیکن وہ اپنے عزائم کی تکمیل میں پاکستان کو رکاوٹ سمجھتا ہے اوراس لئے پاکستان کو ہرقیمت پر غیرمستحکم کرناچاہتا ہے۔بھارت کے پانچ اگست کے اقدام کا ذکر کرتے ہوئے آزاد جموں وکشمیر کے صدر نے کہاکہ یہ بھارت کا پاکستان اور کشمیری عوام پرمنظم حملہ ہے جس کا مقصد مسئلہ کشمیر کو طاقت کے بل پردبانا اور کشمیریوں کی آزادی کو ہمیشہ کیلئے خاموش کرنا ہے ۔تاہم اس اقدام کا بھارت کو نقصان ہوا ہے اور اس سے نہ صرف کشمیری متحد ہوگئے ہیں بلکہ اس سے عالمی برادری بھی کافی حد تک بیدار ہوچکی ہے ۔