Sunday, 25 August 2019, 09:30:04 am
گوادرکےماسٹرپلان پربعض ترامیم کےبعدتیزی سےعملدرآمدکیاجارہاہے:وزیراعلیٰ بلوچستان
June 04, 2019

بلوچستان کے وزیراعلیٰ میر جام کمال خان نے کہا ہے کہ گوادر کے ماسٹر پلان پربعض ترامیم کے بعد تیزی سے عملدرآمد کیا جارہا ہے۔ کوئٹہ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ماسٹر پلان کے لئے جلد اسّی ارب روپے جاری کئے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت صوبے کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر بھی توجہ دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام میں بہتری کیلئے اس کی سکیمیں پانچ ہزار سے کم کرکے سولہ سو تک کردی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ایسی دوہزار ترقیاتی سکیمیں ترقیاتی پروگرام سے ختم کردی ہیں جن پر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ کوئٹہ، ژوب، نوکنڈی، چاغی، خضدار، ہوشاب، آواران اور جاہو کے اضلاع میں سڑکوں کی تعمیر و توسیع کے مختلف بڑے منصوبوں پر کام جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مالی سال کے دوران صوبے کے تعلیم یافتہ اور ہنر مند نوجوانوں کو روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کئے جائیں گے۔