Thursday, 13 December 2018, 04:43:23 am
کشمیری یوم حق خود ارادیت تحریک آزادی کو منطقی انجام تک جاری رکھنے کے عزم کی تجدید کیساتھ منائیں گے
January 04, 2018

کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری کل یوم حق خود ارادیت اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ وہ تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھیں گے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے5جنوری 1949کو ایک قرار داد پاس کی تھی جس میں وعدہ کیا گیا تھا کہ کشمیریوں کو  اقوام متحدہ کی زیر نگرانی استصواب رائے کے ذریعے اپنے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرنے کا موقع دیا جائے گا۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے کل جماعتی حریت کانفرنس کو آج سرینگر میں ایک سیمینار کے انعقاد سے روک دیا۔ کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سیدعلی گیلانی کے گھر پر منعقد ہونیو الے سیمینار کا مقصد1948سے اقوام متحدہ کی طرف سے کشمیر کے بارے میں پاس کی جانے والی اٹھارہ قراردادوں پر روشنی ڈالنا تھا۔ تاہم کٹھ پتلی انتظامیہ نے سید علی گیلانی کے گھر کے باہر بھارتی فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی ایک بڑی تعداد تعینات کر دی جنہوں نے سیمینار میں شرکت کے کیلئے آنے والوں کو گھر کے اندر جانے کی اجازت نہیں دی۔ انتظامیہ نے سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور محمدیاسین ملک کو سیمینار میں شرکت سے روکنے کیلئے گھروں میں نظر بند کردیا ۔