وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا۔

کراچی آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا:پرویز رشید
03 ستمبر 2015 (22:47)
0

وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن بلا امتیاز جاری رہے گا۔

ریڈیو پاکستان کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جرم اور سیاست میں فرق واضح ہونا چاہیے۔   وفاقی وزیر نے کہا کہ ملک کو سنجیدہ چیلنجز کا سامنا ہے اور کراچی آپریشن کا مقصد ان چیلنجز کو حل کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری، دہشتگردوں اور بڑے مجرموں کے خاتمے کی کوششوں کا مقصد کراچی کے عوام کو پر امن اور محفوظ ماحول فراہم کرنا ہے۔ آپریشن کسی فرد یا سیاسی جماعت کے خلاف نہیں کیا جارہا۔

ایک سوال پر وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے شروع کیا گیا۔  ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سیاسی رہنمائوں نے نیشنل ایکشن پلان تیار کیا اور دہشتگرد سرگرمیوں کیلئے مالی معاونت کے خلاف کارروائی اس منصوبے کا حصّہ ہے۔