خواجہ آصف نے کہاہے کہ ہماری فوج کئی سالوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتی ہے۔

بھارت نےجنگ مسلط کی توپاکستان بھرپورجواب دینےکیلئے مکمل طورپرتیارہے:وزیردفاع
03 ستمبر 2015 (10:35)
0

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان امن کا خواہاں ہے لیکن اگر بھارت کی قیادت پر جنگی جنون سوار رہا تو اسے اس کی بھاری قیمت چکانا پڑے گی۔انہوں نے یہ بات ریڈیو پاکستان کے حالات حاضرہ کے چینل کے ایک پروگرام میں بھارتی بری فوج کے سربراہ کے اس بیان پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہی جس میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کو پاکستان کے ساتھ مختصر جنگ کیلئے تیار رہنا چاہیے۔


انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے قلیل یا طویل مدت جنگ مسلط کی تو پاکستان اس کا بھرپور جواب دینے کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج نے 1965 میں بھارتی فوج کے عزائم خاک میں ملا دئیے تھے اور اب وہ زیادہ تجربہ کار اور پیشہ ورانہ فوج ہے۔


انہوںنے کہا کہ ہماری فوج کئی سالوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہے اور وہ کسی بھی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینا جانتی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف امن پر یقین رکھتے ہیں لیکن اگر ملکی بقاء کا مسئلہ درپیش ہوا تو ہم کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔