مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیتے ہوئے شیخ عبدالعزیز نے کہا کہ دشمن اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔

مسلمان حکمران تمام چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کیلئے باہمی تعاون کو فروغ دیں:مفتی اعظم
03 اکتوبر 2014 (15:15)
0

سعودی عرب کے مفتی اعظم شیخ عبدالعزیز نے مسلمان حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ عصر حاضر کے تمام چیلنجوں سے عہدہ برآ ہونے کے لئے باہمی تعاون کو فروغ دیں۔آج(جمعہ ) مسجد نمرہ میں حج کا خطبہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دشمن اسلام کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اور مسلمان حکمرانوں پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اسلام مخالف قوتوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے کیلئے درست راستے کا انتخاب کریں۔

انہوں نے مسلمان حکمرانوں پر زور دیا کہ وہ مسلم امہ کے مفادات کو مقدم رکھیں اور اس کی فلاح وبہبود کیلئے کام کریں۔انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے حکمرانوں کے ساتھ وفادار رہیں اور چیلنجوں سے نمٹنے اور اسلامی تعلیمات عام کرنے کیلئے ان کی مدد کریں۔

انہوں نے کہا کہ دشمن ہمیں کمزور کرنا چاہتے ہیں اور وہ مسلسل مسلمانوں کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی آئندہ نسلوں کو خونریزی اور لاقانونیت سے بچانے کیلئے پالیسیاں تشکیل دینی چاہئیں۔


مفتی اعظم نے کہا کہ ہمیں درپیش مسائل کی وجوہات میں سے ایک وجہ اسلامی تعلیمات سے روگردانی ہے۔مسلمان ملکوں کے ذرائع ابلاغ کو دنیا میں اسلام کا علم بلند کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئیے۔


مفتی اعظم نے کہا کہ اسلام ایک ضابطہ حیات ہے جو پوری انسانیت کی خیرخواہی کا درس دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ قرآن پاک میں مسلمانوں کو اس لئے تمام امتوں میں بہترین امت قرار دیا گیا کیونکہ وہ نیکی کی تلقین کرتے ہیں اور برے کاموں سے روکتے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ اسلام ہمیں باہمی تعاون اور پوری انسانیت کے ساتھ محبت اور شفقت کی تعلیم دیتا ہے ۔ اسلام نے کسی ایک شخص کے قتل کو سب سے بڑا گناہ قرا ردیا ہے۔