ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کی وزیراعظم محمد نوازشریف سے ملاقات۔

وزیر اعظم کا ایران کیساتھ تجارتی فروغ کیلئے مربوط کوششوں پر زور
03 مئی 2017 (17:17)
0

ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے بدھ کے روز اسلام آباد میں وزیراعظم نوازشریف سے ملاقات کی۔

انہوں نے دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات مستحکم کرنے کیلئے دونوں ملکوں کے درمیان اعلیٰ سطح کے تبادلوں میں اضافے پر اطمینان ظاہر کیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ فریقین تجارت ، سرمایہ کاری ، توانائی اور مواصلات کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کیلئے اقتصادی روابط کو فروغ دیتے رہیں گے۔
انہوں نے دوطرفہ تجارت کا پانچ ارب ڈالر کا ہدف جلد از جلد مکمل کرنے کیلئے دونوں ملکوں کی مربوط کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات میں خطے میں امن وسلامتی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
گزشتہ مہینے کی چھبیس تاریخ کو ایران میں گیارہ ایرانی سیکوررٹی گارڈز کی شہادت کے افسوسناک واقعے پر وزیراعظم نے ایران کی حکومت اور عوام سے تعزیت کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے اور تجارت ، معاشی تعاون ، سرحدی امور اور سیکورٹی سمیت تمام شعبوں میں روابط کو فروغ دینے کیلئے مسلسل کوششوں پر حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی قیادت اور حکومت دوطرفہ تعلقات میں اضافے کیلئے مسلسل کوششوں کی حامی ہے۔