وزیراطلاعات نے کہا کہ ضرب عضب اور کراچی آپریشن تمام جماعتوں کے اتفاق رائے سے شروع کیا گیا۔

کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا:پرویز رشید
03 مئی 2015 (18:07)
0

وزیراطلاعات پروزیر شید نے کہاہے کہ کراچی میں آپریشن اور ضرب عضب آپریشن اپنے منطقی انجام تک جاری رہیں گے ۔

اُنہوں نے آج(اتوار کو) کراچی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے شروع کئے گئے تھے اور سیاسی اور فوجی قیادت اس سلسلے میں متفق ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ آئین کسی کو بھی قومی سلامتی کے اداروں اور عدلیہ پر نکتہ چینی کرنے کی اجازت نہیں دیتا۔ اُنہوں نے کہا کہ آئین کا احترام تمام سیاسی جماعتوں کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پیمرا نے الطاف حسین کی تقریر کا نوٹس لیاہے جبکہ سیاسی جماعتوں نے بھی اس پر رد عمل ظاہر کیاہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ الطاف حسین کو اپنی غلطی کا احساس ہوگیا ہے اور اُنہوں نے اپنے بیان پر معافی مانگی ہے ۔
اُنہوں نے امید ظاہر کی کہ الطاف حسین مستقبل میں اس قسم کے بیانات دینے سے گریز کریں گے
ایک سوال کے جواب میں پرویز رشید نے کہا کہ ارسا کی اجازت کے بغیر نہری نظام میں پانی کا ایک قطرہ بھی نہیں چھوڑا جائے گا جس میں تمام صوبوں کی نمائندگی موجود ہے ۔
اُنہوں نے کہا کہ کسی بھی صوبے کو وفاقی حکومت سے کوئی شکایت نہیں ہے ۔
اس سے پہلے پرویز رشید نے کراچی میں پرامن معاشرے میں ادب اور ادیبوں کے کردار پر ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے معاشرے میں مطالعے کی عادت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زوردیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشرے میں امن کیلئے لوگوں کا کتاب سے تعلق بہت ضروری ہے ۔