نیپال کے سفیر نے کہا کہ وہ مشکل وقت میں فراخدلانہ امداد پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔

 وزیراعظم نے نیپالی زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی ریلیف فنڈ قائم کر دیا
03 مئی 2015 (14:28)
0

وزیراعظم نوازشریف نے نیپال کے زلزلہ متاثرین کیلئے خصوصی ریلیف فنڈ قائم کیا ہے۔ یہ بات سیکرٹری خارجہ اعزازاحمدچوہدری نے پاکستان میں نیپال کے سفیر BHARAT RAJ PAUDYAL اور قدرتی آفات سے نمٹنے کے قومی ادارے کے چیئرمین میجرجنرل اصغر نوازکے ساتھ اتوار کو اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ اندرون اوربیرون ملک مقیم پاکستانی فنڈ کیلئے تعاون کررہے ہیں۔


انہوں نے کہاکہ پاکستان پہلا ملک ہے جس نے تباہ کن زلزلے کے بعد نیپالی حکام کی طرف سے مدد کی اپیل پر وزیراعظم نوازشریف کی خصوصی ہدایت پرفوری طورپر ردعمل ظاہر کیا۔ انہوں نے کہاکہ اسلام آباد میں نیپال کے سفارتخانے نے بھی متاثرین زلزلہ کیلئے امدادی سرگرمیوں کو مربوط بنانے میں موثر کردارادا کیا۔ اعزازاحمدچوہدری نے کہاکہ خیموں ، ادویات اوراشیاء خوردونوش پرمشتمل امدادی سامان کی ابتدائی کھیپ سی ون تھرٹی طیاروں کی چھ پروازوں کے ذریعے کھٹمنڈو بھیج دی گئی ہے۔


انہوں نے کہاکہ تیس بستروں کاموبائل ہسپتال اورپچاس ڈاکٹربھی کھٹمنڈو میں کام کررہے ہیں۔ اعزازاحمد چوہدری نے کہاکہ پاک فوج کی خصوصی ٹیمیں بھی نیپال میں زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تلاش اور امداد کی کارروائیوں میں تعاون کررہی ہیں۔ سیکرٹری خارجہ نے کہاکہ نیپال کی بری فوج کے سربراہ نے پاکستان کے امدادی کاموں کو سراہا ہے۔

 

پاکستان میں نیپال کے سفیر نے کہا کہ وہ مشکل وقت میں پاکستان کی طرف سے فراخدلانہ امداد پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے شکر گزار ہیں۔  انہوں نے کہاکہ سات اعشاریہ نو شدت کے زلزلے سے نیپال کے پینتیس اضلاع بری طرح متاثر ہوئے چھ ہزار سے زائد افراد ہلاک اور چودہ ہزار زخمی ہوئے۔ نیپال کے سفیر نے کہاکہ زلزلے سے اکتالیس ہزار مکان مکمل طورپر تباہ ہوئے جبکہ ڈیڑھ لاکھ مکانوں کو جزوی طورپر نقصان پہنچا۔


انہوں نے کہاکہ نیپال بھر میں ساڑھے تین لاکھ لوگوں کو فوری امداد کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی امدادی ٹیمیں نیپال کے مشکل ترین علاقے میں کام کررہی ہیں۔