file photo

ریلوے کے بنیادی ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں:سعد
03 جون 2017 (21:03)
0

پاکستان ریلوے ٹرین سروس کو بہتر بنانے اور مسافروں کی سہولت کیلئے اپنے پورے ڈھانچے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کیلئے تمام ممکنہ کوششیں کررہا ہے۔
ریلوے کے وزیر خواجہ سعد رفیق نے ہفتہ کے روز لاہور میں اس سلسلے میں دو الگ الگ اجلاسوں کی صدارت کرتے ہوئے کہاکہ وہ آئندہ دو سال میں تمام ریل گاڑیوں کو جدید دیکھنا چاہتے ہیں۔
انہوںنے ہدایت کی کہ اوورہالنگ اور مرمت کے روایتی طریقہ کار کو جدید نظام سے تبدیل کیا جائے اور مرمت کا ہر کام جدید ٹیکنالوجی سے کیاجائے۔
وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ اگلے دو سال میں 475 مسافر بوگیوں کو جدید بنایاجائے گا اور اس مقصد کیلئے ورکشاپوں کی استعداد کار بڑھائی جارہی ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ بہاولپور، ننکانہ صاحب، ساہیوال، اوکاڑہ، رائیونڈ اور حسن ابدال کے ریلوے سٹیشن دوبارہ تعمیر کیے جارہے ہیں جبکہ سبی اور ہرنائی ریلوے سٹیشنوں کو اپ گریڈ کیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ کوہاٹ راولپنڈی سیکشن کو بھی بحال کیاجارہا ہے اور کراچی کینٹ سٹیشن کو بھی جدید بنایا جائے گا۔