بجٹ میں تعلیم کے شعبے کیلئے تین سو پینتالیس ارب روپے مختص کیے ہیں:شہباز
03 جون 2017 (20:13)
0

پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیم کے شعبے کیلئے تین سو پینتالیس ارب روپے مختص کیے ہیں اور اس شعبے کیلئے مختص رقم میں تینتیس ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج لاہور میں اعلیٰ سطح کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی جس میں پنجاب میں سکولوں کے اصلاحاتی لائحہ عمل کا جائزہ لیا گیا۔
شہباز شریف نے سکولوں میں اس لائحہ عمل پر پیشرفت پر اطمینان ظاہر کیا۔
انہوں نے کہا کہ خادم پنجاب سکول پروگرام کے تحت سکولوں میں کلاس رومز کی تعمیر کیلئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں چھ ارب روپے سے زائد رقم مختص کی گئی ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبے میں مزید دس ہزار سکول نجی شعبے کو دینے کی حکمت عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔

دریں اثناء پاکستان میں برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے محکمے کی سربراہ Joanna Reid سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب کی حکومت اور برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارے کے درمیان آئندہ برسوں میں مختلف شعبوں میں تعاون میں اضافہ ہوگا۔
Joanna Reid نے کہاکہ صوبے میں ان شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے اور برطانوی محکمہ مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے گا۔
انہوں نے محکمے کے تعاون سے تعلیم ، صحت اور ہنرمندی کے شعبوں میں جاری پروگراموں پر عملدرآمد پر بھی تبادلہ خیالہ کیا۔