نواز شریف نے کہا ہے کہ راہداری ایک پٹی اور ایک شاہراہ کا پرچم بردار منصوبہ ہے جبکہ پٹی اور شاہراہ دونوں پاکستان میں ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔

پاکستان اور چین علاقائی امن کے فروغ کیلئے قریبی تعاون کر رہے ہیں:وزیراعظم
03 جون 2015 (14:52)
0

وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین دونوں ملکوں کے عوام کے بہتر مستقبل اور علاقائی امن کے فروغ کیلئے قریبی تعاون کر رہے ہیں۔وہ آج اسلام آباد میں ریسرچ اینڈ ڈیویلپمنٹ کے وفد سے باتیں کر رہے تھے جو چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں نیا مشترکہ چین پاکستان تھنک ٹینک ہے۔وزیراعظم تھنک ٹینک کے قیام کا خیرمقدم کیا جو چین کے ممتاز دانشوروں ، رائے عامہ کے رہنماؤں اور کاروباری گروپوں پر مشتمل ہے۔


نواز شریف نے کہا کہ راہداری ایک پٹی اور ایک شاہراہ کا پرچم بردار منصوبہ ہے جبکہ پٹی اور شاہراہ دونوں پاکستان میں ایک دوسرے سے ملتی ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ چینی صدر کے دورے میں طے پانے والے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں سے دونوں ملکوں کے درمیان مضبوط تعلقات فروغ پائیں گے۔انہوں نے کہا کہ راہداری منصوبے کی نگرانی کیلئے ایک پارلیمانی کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے۔


وفد نے راہداری منصوبے کےبارے میں منعقد کی گئی آل پارٹیز کانفرنس میں اتفاق رائے پر وزیراعظم کو مبارکباد دی۔وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ تھنک ٹینک پاک چین اقتصادی راہداری میں تعاون کیلئے چائنا پاکستان انفارمیشن کوریڈور بنانے کا ارادہ رکھتا ہے جوتمام ضروری معلومات فراہم کرنے کیلئے ایک مرکز ہوگا۔ وفد نے کہا کہ چینی حکام چین پاکستان اقتصادی راہداری کے بارے میں ہر سال سنکیانگ کے شہر کرامے میں ایک فورم منعقد کرنے پر غور کر رہے ہیں۔