جریدے نے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے بجلی گھروں ،سڑکوں کی تعمیر اور ریل رابطوں کی ترقی کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔

گزشتہ 8برس کے دوران پاکستانی معیشت نے تیزی سے ترقی کی ہے:بلوم برگ
03 جون 2015 (20:39)
0

نیویارک سے شائع ہونے والے کاروباری جریدے بلوم برگ بزنس نے کہاہے کہ گزشتہ آٹھ برس کے دوران زیادہ ترسیلات زر اور صارفین کے اخراجات کی وجہ سے پاکستانی معیشت نے تیزی سے ترقی کی ہے۔


جریدے نے وزیراعظم نوازشریف کی طرف سے بجلی گھروں ،سڑکوں کی تعمیر اور ریل رابطوں کی ترقی کے اقدامات کی بھی تعریف کی۔ میگزین نے کہا ہے کہ چین نے گزشتہ ماہ پینتالیس ارب ڈالر کی اقتصادی راہداری منصوبے کے تحت پاکستان میں اٹھائیس ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے سمجھوتوں پر دستخط کئے ہیں ۔ اقتصادی راہداری میں بجلی گھروں اور ڈیموں کی تعمیر کے منصوبے بھی شامل ہیں۔


بزنس میگزین نے عالمی مالیاتی فنڈ کے حوالے سے کہا کہ پاکستان چھ ارب ساٹھ کروڑ ڈالر کے قرضے کے پروگرام کے تحت مقرر کئے گئے اہداف کے حصول میں نمایاں پیشرفت کررہا ہے۔ سٹیٹ بنک نے شرح نمو بڑھانے کیلئے شرح منافع میں کمی کردی ہے جو بیالیس برس میں سب سے کم ہے۔


بلوم برگ میگزین نے کہاہے کہ موجودہ حکومت نے ملک کو ادائیگیوں کے توازن کے بحران سے بھی نکال لیاہے کیونکہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر سترہ ارب ستر کروڑ ڈالر ہوگئے ہیں۔


حکومت نے رواں سال کیلئے ترقیاتی اخراجات میں پچیس فیصد کا اضافہ کرکے ان کا حجم پانچ سو پچیس ارب روپے کردیا ہے اور وہ بارہ ماہ کے دوران دوہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرے گی۔