جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ ہمارے دشمن پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئےدہشتگردی کی حمایت کر رہے ہیں۔

پاک فوج دشمن کےمذموم عزائم ناکام بنانےکیلئے پرعزم ہے:آرمی چیف
03 جون 2015 (12:37)
0

بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ پاک فوج ملک کے خلاف دشمن کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے اور اس کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔آج نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مستقبل کی جنگوں کا طریقہ کار تیزی سے بدل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمن پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے دہشتگردی کی حمایت کر رہے ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ پاکستان دوسرے ملکوں کے خلاف پس پردہ کارروائیوں کے خلاف ہے اور وہ کسی دوسرے ملک کو بھی اپنے خلاف پس پردہ کارروائیوں کی اجازت نہیں دے گا۔جنرل راحیل شریف نے کہا کہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے۔ پاکستان اور کشمیر لازم وملزوم ہیں انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں دیرپا امن اور استحکام کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کی روشنی اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتا ہے۔


آپریشن ضرب عضب میں حاصل کی گئی کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے بری فوج کے سربراہ نے کہا کہ آپریشن میں کامیابی سے شہری علاقوں میں دہشت گردوں کے خلاف فیصلہ کن کارروائی کی گنجائش پیدا ہو گئی ہے۔