امریکی وفد کا جنوبی وزیرستان ایجنسی کا دورہ
03 جولائی 2017 (20:33)
0

سینیٹر جان مکین کی سربراہی میں امریکی سینیٹر کے ایک وفد نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کے ساتھ آج جنوبی وزیرستان ایجنسی کا دورہ کیا۔
وفد کو پاک افغان سرحد پر باڑ لگانے اور نگرانی بڑھانے کے حالیہ اقدامات سمیت پاک افغان سرحد پر سلامتی کے معاملے کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔
وفد نے سرحدی علاقے کا فضائی جائزہ لیا اور نئے تعمیر کئے گئے قلعوں، چوکیوں اور سکولوں ، کالجوں، ہسپتالوں، کھیلوں کے اسٹیڈیمز ، فراہمی آب کی سکیموں اور سڑکوں کے منصوبوں کا بھی جائزہ لیا۔
امریکی سینیٹروں نے زمینی حقائق کا جائز ہ لینے کے بعد علاقے میں قیام امن کیلئے پاک فوج اور مقامی قبائل کی کوششوں اور قربانیوں کی تعریف کی۔

بعد میں امریکی سینیٹرز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ دہشتگردی کو شکست دینے کیلئے پاکستان کے ساتھ مضبوط شراکت داری چاہتا ہے۔
سینیٹرز نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے عوام اور مسلح افواج کے عزم اور قربانیوں کی تعریف کی۔
انہوں نے دورے کو دونوں ملکوں کے درمیان مستقبل کے تعاون اور مسائل کے ادراک کے حوالے سے انتہائی اہم اور معلوماتی قرار دیا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مشترکہ حکمت عملی اور تعاون سے دہشتگردی کے عفریت کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دورے سے ہمیں یہ معلوم کرنے کا موقع ملا ہے کہ امریکہ اس حوالے سے کس طرح پاکستان کی مدد کرسکتا ہے جو دہشتگردی کے خلاف جنگ میں صف اول کا ملک ہے۔