وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی آج تیسرے پہرجے آئی ٹی کے سامنے پیش ہورہے ہیں۔

حسن نواز پانامہ مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش
03 جولائی 2017 (12:25)
0

وزیراعظم نواز شریف کے چھوٹے صاحبزادے حسن نواز پانامہ پیپرز کے مقدمے کی تحقیقات کے لئے قائم مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے اپنا بیان قلمبند کرا رہے ہیں۔ حسن نواز تیسری بار مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوئے ہیں۔فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی اور اسکے اطراف سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں جہاں بیان ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
وزیر خزانہ اسحق ڈار بھی آج تیسرے پہر مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہورہے ہیں۔وزیراعظم نواز شریف ، پنجاب کے وزیراعلیٰ شہباز شریف مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پہلے ہی اپنے بیانات قلمبند کرا چکے ہیں۔حسین نواز کل اور مریم نواز بدھ کو تحقیقاتی ٹیم کے سامنے پیش ہوں گی۔

فیڈرل جوڈیشل اکیڈمی کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ نون کے سینئر رہنماء آصف کرمانی نے کہا کہ وزیراعظم کے خاندان نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کے سامنے تصدیق شدہ دستاویزات پیش کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب تک قطری شہزادے کا بیان قلمبند نہیں کیا جاتا مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ نامکمل رہے گی۔انہوں نے کہا کہ قطری شہزادے نے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو بارہا اپنا بیان قلمبند کرانے کی دعوت دی ہے۔