پاکستان اور امریکہ کے درمیان تذویراتی شراکت داری بڑی اہمیت کی حامل ہے:سرتاج
03 جولائی 2017 (08:13)
0

مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ خطے اور اس کے آس پاس کے ملکوں میں امن و استحکام کے حصول کیلئے پاکستان اور امریکہ کے درمیان تذویراتی شراکت داری بڑی اہمیت کی حامل ہے۔
انہوں نے یہ بات سینیٹرJohn Mccain کی سربراہی میں امریکی سینٹ کے پانچ رکنی وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی۔
مشیر خارجہ نے دونوں ملکوں کے درمیان طویل مدت تعاون اور موجودہ شراکت داری کو کثیر جہتی بنانے اور اس کا دائرہ مختلف شعبوں تک پھیلانے کی اہمیت واضح کی۔
انہوں نے وفد کو آپریشن ضرب عضب اور ردالفساد کے ذریعے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے بھی آگاہ کیا۔
مشیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے افغانستان میں پائیدار امن و استحکام کی کوششوں کی ہمیشہ حمایت کی ہے۔
انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔
مشیر خارجہ نے زور دیا کہ پاکستان کشمیر کے منصفانہ نصب العین اورکشمیریوں کو اپنے حق خودارادیت کے حصول کی پرامن جدوجہد پر پختہ یقین رکھتا ہے۔
امریکی سینیٹر John Mccain نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور قربانیوں کو سراہا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان تعلقات کا فروغ بہت اہم ہے۔