نوازشریف نے کہاکہ بہترمواصلات اورسڑکوں کے جال سے علاقے میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔

وزیراعظم کی حکومت آزاد کشمیر کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی
03 اگست 2016 (22:04)
0

وزیراعظم نوازشریف نے کہاہے کہ وفاقی حکومت آزادجموں وکشمیرکی منتخب حکومت سے امورمملکت بہتربنانے میں ہرممکن معاونت یقینی بنائے گی۔ انہوں نے یہ بات بدھ کے روز اسلام آباد میں آزادکشمیرکے وزیراعظم راجہ فاروق حیدر سے ملاقات میں کہی۔
وزیراعظم نے راجہ فاروق حیدر کومبارکباد دیتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ نئی منتخب حکومت آزادکشمیر کے عوام کی ترقی اورخوشحالی کیلئے انتھک محنت کرے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ سرکاری شعبے کے منصوبوں کی تکمیل میں میرٹ اورشفافیت کوہرصورت یقینی بنایاجائے۔
نوازشریف نے کہاکہ بہترمواصلات اورسڑکوں کے جال سے علاقے میں اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا۔ راجہ فاروق حیدر نے وزیراعظم کو یقین دلایا کہ نئی منتخب حکومت بلاامتیازلوگوں کی خدمت کرے گی۔
ملاقات میں وزیراطلاعات پرویزرشید اور سیاسی امور کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون ڈاکٹرآصف کرمانی بھی موجودتھے۔