National Assembly of Pakistan

پاکستان نے نیوکلیئرسپلائرزگروپ کی رکنیت کیلئے خصوصی اقدامات کئے ہیں
03 اگست 2016 (21:53)
0

قومی اسمبلی کو بدھ کے روز بتایا گیا کہ پاکستان نے نیوکلیئرسپلائرزگروپ کی رکنیت کے حصول کیلئے خصوصی سفارتی اقدامات کئے ہیں۔

وقفہ سوالات کے دوران ریاستوں اور سرحدی علاقوں کے وزیر عبدالقادر بلوچ نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم نوازشریف نے اس سلسلے میں نیوکلیئرسپلائرزگروپ کے تمام ملکوں میں اپنے ہم منصبوں کومراسلے بھیجے ہیں۔
عبدالقادربلوچ نے کہاکہ اس سلسلے میں حمایت کے حصول کیلئے بھرپورکثیرالجہتی کوششوں کے مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔
بین الصوبائی رابطے کے پارلیمانی سیکرٹری محمدشفقت حیات خان نے ایوان کو بتایا کہ وزیراعظم کی ہدایت پرسعودی عرب میں پاکستانی کارکنوں کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
قانون وانصاف کے وزیرزاہد حامد نے وزیرتجارت کی طرف سے ایوان کو بتایا کہ پاکستان اورچین پاک چین آزادانہ تجارتی معاہدے کے دوسرے مرحلے پر بات چیت کررہے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ2013ء کے بعد برطانیہ کو پاکستان کی برآمدات میں تقریباً چالیس فیصد اضافہ ہواہے۔
انہوں نے کہاکہ پاکستان دوطرفہ تجارت کاحجم بڑھانے کیلئے برطانیہ کے ساتھ آزادانہ تجارتی معاہدے پر بات چیت کررہاہے۔
قومی اسمبلی نے پاکستان میڈیکل اینڈڈینٹل کونسل بل2016ء پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بحث اورمنظوری کے حوالے سے ایک تحریک کی منظوری دی۔
ایوان میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کی تنظیم نو اورConvorsion آرڈیننس2016ء کی مزیدایک سوبیس دن کیلئے توسیع کی منظوری دی گئی۔

ایوان نے پارلیمانی امور کے وزیرکی طرف سے پیش کی گئی ایک تحریک کی منظوری دی جس میں پارلیمنٹ سے صدر کے خطاب پر ان کاشکریہ ادا کیاگیا۔
ایوان صدر کے خطاب پربحث پیرکو شروع کرے گا۔
قومی اسمبلی میں بدھ کے روز دوبلوں کی منظوری دی گئی جس میں بنکوں کوقومیانے کا ترمیمی بل مجریہ2016ء اورڈیپازٹ پروٹیکشن کارپوریشن بل شامل ہیں۔
ایوان کااجلاس اب جمعرات کی شام پانچ بجے ہوگا۔