نوازشریف نے کہا ہے کہ کچھ ایسے مسائل ہیں جن پر پاکستان کو تشویش ہے ۔

file photo

وزیر اعظم کا ملک کو درپیش چیلنجوں کے مزید پیچیدہ ہونے سے قبل نمٹنے کی ضرورت پر زور
03 اگست 2016 (12:40)
0

وزیر اعظم نوازشریف نے ملک کو درپیش چیلنجوں کے مزید پیچیدہ ہونے سے پہلے ان سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیاہے ۔وہ آج اسلام آباد میں اہم ملکوں اور کثیر الجہتی اداروں میں تعینات پاکستانی سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی نشست سے خطاب کررہے تھے ۔انہوں نے کہاکہ کچھ ایسے مسائل ہیں جن پر پاکستان کو تشویش ہے اور ہم توقع کرتے ہیں کہ دوسرے ممالک اس حوالے سے احتیاط برتیں گے ۔
انہوں نے کہاکہ ہوسکتاہے کہ دوسرے ملکوں کے بھی جائز تحفظات ہوں جنہیں ہمیں سمجھنا ہوگا۔اس سے پہلے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے اپنے خطاب میں کہاکہ پاکستان کے ماضی کے مقابلے میں آج دنیا کے ساتھ زیادہ روابط ہیں ۔سفیروں کی تین روزہ کانفرنس کی اختتامی نشست میں شرکاء کی سفارشات اور تجاویز کا لب لباب پیش کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہاکہ تین سال کا جائزہ ذرائع ابلاغ کے ایک حصے کے اس نقطہ نظر کی تائید نہیں کرتاکہ پاکستان تنہاہورہاہے اور اس کی خارجہ پالیسی کی سمت غلط ہے۔
سرتاج عزیز نے کہاکہ آج ہم ماضی کی نسبت زیادہ مستحکم ہیں ۔وزیراعظم کے ایک مضبوط خودمختار اور خوشحال پاکستان اور پرامن ہمسائیگی کے نصب العین پرپوری تندہی سے عملدرآمد کیاگیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ خارجہ پالیسی میں حکومت کی نمایاں کامیابیوں کی عکاسی چین پاکستان اقتصادی راہداری اور چین کے ساتھ تذویراتی شراکت دار ی میں ہوتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان نے امریکہ ، یورپی یونین اور روس کے ساتھ مضبوط تعلقات کے قیام سمیت مسلمان ملکوں کے ساتھ اپنے تعلقات کو بھی فروغ دیاہے ۔