مشیر خزانہ شوکت ترین نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ تجارتی خسارہ کم ہو جائے گا اور برآمدات اور ترسیلات زر میں اضافے سے قومی معیشت مزید مستحکم ہوگی۔
مشیر تجارت عبد الرزاق دائود کے ہمراہ اسلام آباد میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اقتصادی اشاریے درست سمت میں گامزن ہیں اور محصولات میں 36 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔انہوںنے کہا کہ ملک میں گنے سمیت زرعی مصنوعات کی پیداوار میں اضافہ ہواہے۔مشیر خزانہ نے بتایا کہ عالمی مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی ہو رہی ہے اور آئندہ ماہ خوردنی تیل کی قیمت میں بھی کمی متوقع ہے۔شوکت ترین نے کہا کہ حکومت مہنگائی کی وجہ سے غریب اور متوسط طبقے کو درپیش مسائل سے آگاہ ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت احساس راشن پروگرام اور کامیاب پاکستان پروگرام کے ذریعے غریب طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لئے اقدامات کررہی ہے۔اس موقعے پر بات چیت کرتے ہوئے مشیر تجارت عبد الرزاق دائود نے کہا کہ قومی برآمدات کی مقدار اور معیار دونوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ ما ہ دو ارب نوے کروڑ ڈالر کی ریکارڈ برآمدات ہوئیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس مہینے برآمدات تین ارب ڈالر کی حد عبور کرلیں گی۔