Wednesday, 12 August 2020, 07:49:57 am
برہان وانی جیسے بہادر کشمیری نوجوان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے، گیلانی
July 03, 2020

فائل فوٹو

مقبوضہ کشمیر میں بزرگ حریت رہنما سید علی گیلانی نے معروف نوجوان رہنما برہان وانی کی تحریک آزادی میں خدمات کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں شہدائے کشمیر کے قافلے کے ایک عظیم سپاہی کے طورپر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ۔

انہوں نے سرینگر میں اپنے ایک ٹویٹ میں کہا کہ برہان وانی جیسے بہادر کشمیری نوجوان بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے رہیں گے۔
بزرگ رہنما نے تحریک آزادی کو اسکے منطقی انجام تک پہنچانے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے قافلے کا اصل مقصد مظلوم عوام کی مدد کر کے اللہ تعالی کی خوشنودی کا حصول ہے۔
سید علی گیلانی کا ٹویٹ برہان وانی کی شہادت کی برسی کے تناظر میں سامنے آیا ہے جنہیں بھارتی فوجیوں نے 8جولائی 2016کو ایک جعلی مقابلے میں شہید کر دیا تھا۔ برہان وانی کے ماورائے عدالت قتل کے بعد مقبوضہ علاقے میں ایک زبردست احتجاجی تحریک چلی تھی۔
ادھر'بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے قصبے سوپور میں ایک شہری بشیر احمد خان کے بہیمانہ قتل کے خلاف ''انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس ''کے زیر اہتمام آج مظفر آباد میں ایک احتجاجی دھرنا دیا گیا۔

ادھر جنیوا میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 44ویں اجلاس کے موقع پر'' خواتین کے خلاف تشدد کا مقابلہ '' کے عنوان سے منعقدہ ایک آن لائن مذاکرے کے شرکا نے مقبوضہ کشمیر میں خواتین پر تشدد میں خطرناک اضافے پر روشنی ڈاالی۔
انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں خواتین کے خلاف بڑھتا ہوا تشدد عالمی برادری کی فوری توجہ کا متقاضی ہے ۔
مذاکرے کا انعقاد '' کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ریلشنز'' نے ''ورلڈ مسلم کانگریس ، کمیونٹی ہیومن رائٹس اینڈ ایڈووکیسی سینٹراور انٹرنیشنل مسلم وومن یونین ''کے تعاون سے کیا تھا۔