Saturday, 25 May 2019, 07:53:49 pm
ای سی سی نے اوگرا کی تجویز کردہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظر ثانی کی جزوی منظوری دیدی
May 03, 2019

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اوگرا کی تجویز کردہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نظرثانی کی جزوی طور پر منظوری دیدی ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس مشیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ کی زیر صدارت آج اسلام آباد میں ہوا۔اجلاس میں صارفین کو ریلیف کی فراہمی کیلئے پٹرول پر جی ایس ٹی میں پانچ فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا۔اس کمی سے حکومت کو تقریباً پانچ ارب روپے کا نقصان برداشت کرنا پڑے گا۔صنعتوں اور پیداوار کی ڈویژن نے کمیٹی کو پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کیلئے ایک منصوبے پر عملدرآمد کی غرض سے تشکیل دیئے گئے ماہرین کے گروپ کی تحقیقات اور تجاویز پر پریڈنٹیشن دی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارت کی تجاویز کی منظوری دی اور ہدایت کی کہ نجی شعبے کی تجاویز اور تعاون پر مبنی بحالی منصوبے پر عملدرآمد کو مدنظر رکھتے ہوئے پاکستان سٹیل ملز کی نجکاری کی فہرست میں شامل کرنے کا عمل مکمل کیا جائے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ کیلئے تھل ایسٹ'BHAMBRA اور تھل ویسٹ فیلڈز سے گیس مختص کرنے کی پٹرولیم ڈویژن کی تجویز کی بھی منظوری دی۔انڈسٹریز ڈویژن نے کمیٹی کو رمضان ریلیف پیکیج پر بھی بریفنگ دی۔کمیٹی نے جنوبی وزیرستان کے خاصہ داروں کی تنخواہ کی ادائیگی کی بھی منظوری دی۔