ممنون حسین نے اپنے چینی ہم منصب سے ملاقات میں کہا کہ پاکستان اور چین کےدرمیان خوشگواراورآزمودہ دوستی ہے۔

پاکستان اورچین کا اقتصادی راہداری کوترجیحی بنیادوں پرمکمل کرنےکےعزم کااظہار
02 ستمبر 2015 (11:22)
0

پاکستان اورچین نے چین پاکستان اقتصادی راہداری کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔یہ اتفاق رائے آج بیجنگ میں صدر ممنون حسین اور ان کے چین کے ہم منصب ژی جن پنگ کے درمیان ملاقات میں طے پایا۔ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان خوشگوار اور آزمودہ دوستی ہے۔انہوں نے چین کے صدر ژی جن پنگ کے حالیہ دورہ پاکستان کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے دونوں ملکوں کے درمیان تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔

صدر نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پاکستان میں چینی باشندوں کا تحفظ ہرقیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔اپنے کلمات میں چین کے صدر نے دوسری جنگ عظیم کی تقریبات میں شرکت کیلئے چین کا دورہ کرنے پر صدر ممنون حسین کا شکریہ ادا کیا۔

دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں اور انہیں مزید فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے علاقائی اور عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔

جبکہ پاکستان چین فرینڈشپ سینٹر بیجنگ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے سے دونوں ملکوں اور خطے میں خوشحالی آئے گی۔

صدر نے کہا کہ پاکستان اور چین دوستی کے سدابہارتعلقات کے بندھن میں بندھے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین فرینڈشپ سینٹر ان تعلقات کو مزید مضبوط بنا رہا ہے اور وہ پاکستان اور چین کی دوستی کو آئندہ نسلوں میں منتقل کرنے کے خواہاں ہیں۔

پاکستان چین فرینڈشپ ایسوسی ایشن نے صدر ممنون حسین کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔

دریں اثناء بیجنگ میں چین انٹرنیشنل کلچر کمیونیکشن سینٹر اور چین پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کی طرف سے مشترکہ ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے صدر ممنون حسین نے کہا کہ علاقائی اقتصادی روابط اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی پاکستان اور چین کی مشترکہ سوچ ہے۔  صدر نے چینی کمپنیوں پر زور دیا کہ وہ پاکستان کی منڈی میں آئیں اور پیداوار ، توانائی ، بنیادی ڈھانچے ، ٹیکسٹائل اور زراعت کے شعبوں سمیت باہمی فائدے اور منافع بخش شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔

صدر نے کہا کہ پاکستان فورسز نے آپریشن ضرب عضب کے ذریعے دہشت گردوں کی کمرتوڑ دی ہے اور یہ آپریشن ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔  صدر نے دوستی کو عوامی سطح پر مزید مضبوط کرنے کیلئے تھنک ٹینک ، ذرائع ابلاغ ، نوجوانوں ، اکیڈیمیوں اور دونوں ملکوں کے فنکاروں کے مزید تبادلوں کی ضرورت پر زور دیا۔

چین پاکستان فرینڈ شپ ایسوسی ایشن کے صدر Sha Zukang نے پاک چین تعلقات کی پر زور دیا اور کہا کہ چین کے سو تاجر اس سال پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کاروباری اور تجارتی تعلقات مزید مضبوط بنائے جا سکیں۔