راحیل شریف نےکہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی،کنٹرول لائن پرجنگ بندی خلاف ورزی اورپاکستان کیخلاف بالواسطہ حکمت عملی سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔

تنازعہ کشمیر،تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے:آرمی چیف
02 اکتوبر 2015 (20:04)
0

بری فوج کے سربراہ راحیل شریف نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر\' تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اور خطے میں حقیقی امن کے لئے دنیا کو اس مسئلے کے حل میں مدد کرناہوگی۔
انہوں نے لندن میں رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ہٹ دھرمی \' کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزی اور پاکستان کے خلاف بالواسطہ حکمت عملی سے خطے پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں انہوں نے کہا کہ تنازعہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے درمیان تمام مسائل کی بنیادی وجہ ہے۔
افغانستان کے بارے میں جنرل راحیل شریف نے کہا کہ پاکستان وہاں مستقل اور پائیدار امن کے لئے تمام ممکنہ کوششیں جاری رکھے گا انہوں نے کہا کہ مفاہمت ہی افغانستان کی ترقی کا واحد راستہ ہے اور اس کی سب کو حمایت کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لئے سلامتی کا ماحول اب سازگار ہورہا ہے۔